ایل آر ایچ میں ڈائیلائسز کی بندش سے مریضوں کو مشکلات

ویب ڈیسک: لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں صحت کارڈ پر ڈائیلاسز کی سہولت معطل کرنے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں مقیم گردوں کے درجنوں بیمار افراد کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں متاثرہ افراد کے مطابق ہسپتال میں ڈائیلاسز کو بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ہفتے میں دو روز خون کی تبدیلی کیلئے ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں واضح رہے کہ اربوں روپے کے بقایاجات پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں صحت کارڈ پر مفت علاج کی سہولت کو معطل کیا گیا ہے
صحت کارڈ پر دوسری بیماریوں کے ساتھ ساتھ گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی تبدیلی کیلئے ڈائیلاسز کی سہولت بھی مفت تھی علاج کی بندش سے یہ سہولت بھی ختم ہوگئی ہے اور درجنوں کی تعداد میں مریضوں کاڈائیلائسز نہیں ہورہا ہے اس سلسلے میں متاثرہ افراد نے محکمہ صحت کو یہ سہولت بحال کرنے کی درخواست کی ہے
دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ایل آر ایچ اور ایچ ایم سی کے بقایاجات بہت زیادہ جمع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر علاج کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے تاہم ڈائیلاسز کی سہولت تاحال مفت ہے اور اس کیلئے مریضوں کو صحت کارڈ کی ضرورت نہیں بلکہ معمولی سرکاری فیس کے ذریعے ڈائیلاسز ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  باڑہ، سٹیل فیکٹری میں آتشزدگی، 6 مزدور جھلس کر زخمی