دیر بالا، پی ٹی آئی ورکرز اور پولیس میں تصادم، دو افراد زخمی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے جانے والوں اور پولیس کے درمیان دیر بالا میں‌تصادم ہوا جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دیر بالا میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان صاحب آباد کے مقام پر سجے پنڈال پہنچ رہے تھے۔ ضلع دیر بالا میں دفعہ 144 کی وجہ سے پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں.
اس دوران چکیاتن کے مقام پر کنونشن کیلئے جانے والوں کے ایک قافلے کو پولیس نے روکنے کی کوشش کی، ورکرز نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پتھراو کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ یاد رہے کہ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چکیاتن کے مقام پر عوام کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی، اس کی زد میں آکر پی ٹی آئی کارکن شاہ عالم خان زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی کارکن کی ٹانگ اور بازو پر زخم آئے ہیں جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنماء عمر ایوب نے اس حوالے سے سوشل میڈیا سائیٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ کہاں ہے الیکشن کمیشن کی لیول پلینگ فیلڈ؟ الیکشن کمیشن ابھی سے بتا دے کہ وہ صرف دھندلی زدہ الیکشن کرنے کی تیاری میں مصروف ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ عوام ایسے الیکشن کو رد کر دے گی اور اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور ان غیر آئینی حکومتوں پر ہی ہوگی۔

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں‌گرمی عروج پر، ہیٹ ویو کے ساتھ ہیٹ سٹروک کا خطرہ