190 ملین پاؤنڈ ریفرنس

توشہ خانہ و 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر

ویب ڈیسک :احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف فردجرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر کردی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسزپر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز ایڈووکیٹ،عرفان بھولا اور سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلاءصفائی بیرسٹر علی ظفر، سلمان صفدر، سکندر ذوالقرنین،عثمان گل اور دیگر عدالت پیش ہوئے ، وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ آج190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فردجرم عائد ہونا تھی، ملزمان نے حاضری یقینی بنانا تھی لیکن بشری بی بی آج بھی موجود نہیں، جان بوجھ کر کیسز میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے بشری بی بی سے فون پر بات نہیں کرنے دیتے، مجھے معلوم نہیں ہوتا کہ وہ آرہی ہیں یا نہیں، لینڈلائن سے ہی بات کروا دیا کریں، سارا ڈرامہ8 فروری کیلئے ہورہاہے،عدالت8 فروری کے بعد ان کیسز کی سماعت رکھ لے، زرداری اور نواز شریف کے توشہ خانہ کیسز میں 13 فروری کی تاریخ دے دی گئی ہے، ان کیلئے خاص شفقت کی جارہی ہے اور ہمارے روزانہ کیسز ہوتے ہیں۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ہمارے کیسززیادہ اوروکیل کم ہوتے ہیں، وکلاءصفائی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی بار بار استدعا کی گئی
عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت ہفتہ27 جنوری اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  چلاس، شاہراہ قراقرم پر بس کھائی میں جا گری،20افراد جاں بحق