مہنگائی کی شرح کم

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم :متعدد اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک :ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کے باوجود چکن، پٹرول، ڈیزل، گوشت سمیت کئی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار اعداد وشمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کا زور ٹوٹنے لگا ہے ‘ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصدکمی ہوئی اور سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکر39.45 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی کا حامل طبقہ زیادہ متاثر ہوا اور مذکورہ طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 43.58 فی صد رہی۔
رپورٹ میں بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 17کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران چکن، پٹرول، ڈیزل، گوشت سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں، پٹرول 5.20 فیصد، چکن 1.88 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 0.95 فیصد، انرجی سیور 0.70 فیصد، دال مونگ 0.34 فیصد، مٹن 0.33 فیصد، بیف 0.15 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب آلو کی قیمت میں 1.25 فیصد، ٹماٹر 18.28 فیصد، پیاز 6.99 فیصد، کوکنگ گھی 0.36 فیصد، انڈے7.77 فیصد، ایل پی جی 1.53 فیصد، دال مسور 0.80 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.28 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ کی مکمل تعمیر نو میں 80 سال لگ سکتے ہیں، اقوام متحدہ