بلاول

نگران حکومت نواز شریف کے حق میں جانبدارہے‘بلاول

ویب ڈیسک:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نگران حکومت اور انتظامیہ نواز شریف کے حق میں جانبدار ہیں اس لئے نواز شریف بھی نواز شریف انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر الیکشن میں گڑبڑکرناچاہتے ہیں ۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) سے اتحاد مشکل ہے، میرے لیے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ چلنا اب بہت مشکل ہے یہ مسلم لیگ میثاق جمہوریت والی مسلم لیگ نہیں رہی، یہ ووٹ کو عزت دو والی نہیں بلکہ آئی جے آئی والی مسلم لیگ ہے، یہ امیر المومنین بننے کے خواب دیکھنے والی مسلم لیگ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ امید ہے نواز شریف کے دباؤ کے باوجود نگران حکومت الیکشن میں مداخلت نہیں کرےگی اور امید ہے پیپلز پارٹی کامیاب ہوکر حکومت بنائےگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعہ بالکل سیاست کے دائرے میں نہیں تھا، سیاست دانوں کو قواعد طےکرناہوں گےاور سیاست کوسیاست ہی رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن شفافیت پرپہلے سے سوالات ہیں، چاہتے ہیں انتخابی عمل پر اس سے زیادہ تنقید نہ ہو ، جتنا ممکن ہو صاف و شفاف الیکشن کرائے جائیں، لیول پلیئنگ فیلڈ دیں تاکہ الیکشن کی ساکھ بحال ہو، تاکہ جو بھی وزارت عظمیٰ سنبھالے ہمارا ملک مثبت سمت میں چلے، ملک میں سیاسی افہام و تفہیم چاہتے ہیں تاکہ پاکستان آگے چلے۔

مزید پڑھیں:  حکومتی پابندیوں پر بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج، شاہراہیں بند