اصلی شناختی کارڈ

ووٹ ڈالنے کےلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی قرار

ویب ڈیسک :لیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول عام انتخابات میں ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کے لئے اصلی شناختی کارڈ کو لازمی قرار دے دیا ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی ووٹ ڈالنے کے لیے قابل قبول نہیں تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے، شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلاً پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ پریزائیڈنگ افسر کو دےگا جو ووٹرکے دائیں انگوٹھے پر ان مٹ روشنائی سے نشان لگائےگا۔
پریزائیڈنگ افسر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ووٹر فہرست میں ووٹر کی تصویرکے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا اور پھر ووٹرکا نام ووٹر فہرست سے کاٹے گا۔
اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لیے الگ لگ بیلٹ پیپرز دیں گے، قومی اسمبلی لے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائےگا۔
ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی اور قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر مہر لگائیں گے، ووٹرز بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یقینی بنائیں کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہے اور پھر بیلٹ پیپر کو فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالیں گے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ کی صدارت ایک بار پھر نواز شریف کو ملنے کا امکان