اسفندیار ولی

8فروری کو انتخابی نشان لالٹین کو کامیاب بنائیں ‘اسفندیار ولی

ویب ڈیسک :عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ8فروری کو مرد و خواتین، جوان اور بوڑھے سب مل کر اپنے نشان لالٹین کو کامیاب بنائیں ۔
عام انتخابات کے حوالے سے اپنے پیغام جاری کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی آج بھی باچا خان اور ولی خان کی راہ پر کاربند ہے‘ یقین ہے کہ 8 فروری کو تمام مر د و خواتین باچا خان کے نشان لالٹین کو یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین، جوان اور بوڑھے سب مل کر اپنے نشان لالٹین کو کامیاب کرائیں گے‘پختونوں اور اس مٹی کی جنگ جیتنے کا واحد راستہ لالٹین کو کامیابی دلا کر ہی ممکن ہے۔
سربراہ اے این پی کا مزید کہنا تھا کہ لالٹین (اے این پی) کے علاوہ کوئی بھی اس مٹی کے حقوق کی جنگ نہیں لڑ سکتا‘ ہماری تاریخ اور تسلسل پختونوں کے حقوق کیلئے ہماری جدوجہد کی گواہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں ہم نے جبر اور زیادتیوں سمیت جھوٹے الزامات کا مقابلہ کیا ہے ‘فخر ہے کہ ولی باغ نے پختونوں کو کبھی کسی کے سامنے شرمندہ نہیں کرایا ہے۔
اسفندیار ولی کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے کہ اللہ ہم سے کبھی کچھ ایسا نہ کرائے کہ پختون شرمندہ ہو،‘آج بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ کوئی ہم پر ایک روپیہ کی بھی کرپشن ثابت کرے۔
ہم نے بہت کچھ برداشت کیا ہے لیکن باچا خان کا نظریہ کبھی نہیں چھوڑا ‘ پرانے ساتھیوں کی اولادسے توقع ہے کہ اپنے آباؤ اجداد کا سر فخر سے بلند کرائیں گے۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کردیا گیا