وزیراعظم

انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے ، نگران وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک ہونے والے عام انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے ‘فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔
یہ بات نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دولت مشترکہ کے مبصر گروپ سے ملاقات میں کہی‘ مبصر گروپ نے سربراہ ڈاکٹر گڈلَک ایبیلے جانتھن کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔
نگراں وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیاءاسکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات 2024ءکی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے، نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔
دریں اثنا وفد نے سیکٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔

مزید پڑھیں:  ڈالر کی گراوٹ جاری، 278 روپے 20 پیسے کا ہو گیا