Maheen Khan

پی ائی اے میں سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں :ماہین خان

اسلام آباد:فیشن ڈیزائنر نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ گزشتہ 30 سال میں پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور اپنے ہی رشتہ داروں کو ملازمتیں دی گئیں۔انہوں نے لکھا کہ وہ حیران ہیں کہ کس طرح پی آئی اے کو سفارشی ٹولے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں حال ہی میں کراچی میں ہونے والے پی آئی اے کے طیارہ حادثے کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ حادثے میں چلے جانے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ برا سلوک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں اعلان کیا کہ اب وہ دوبار پی آئی اے کے طیاروں میں کبھی بھی سفر نہیں کریں گی۔ماہین خان نے کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی بہن کی ویڈیو بھی ٹوئیٹ کی، جس میں وہ اپنے بھائی کی لاش وصول کرنے میں درپیش مشکلات پر بات کرتی دکھائی دیں۔ماہین خان نے ایک خاتون کی ویڈیو شیئر کی، جنہوں نے دعوی کیا کہ پی آئی اے طیارے میں ان کے بھائی مرزا وحید شاہ بیگ بھی سوار تھے اور انہیں حادثے کا علم خبروں کے ذریعے ہوا تھا۔مذکورہ ویڈیو میں خاتون نے دعوی کیا کہ حادثے کے دن سے لے کر آج تک وہ اپنے بھائی کی لاش وصول کرنے کے لیے ایک سے دوسری جگہ خوار ہو رہے ہیں مگر انہیں درست معلومات ہی فراہم نہیں کی جا رہی۔خاتون نے دعوی کیا کہ پی آئی اے نے اس حوالے سے کوئی بھی ہیلپ ڈیسک قائم نہیں کیا اور نہ ہی اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ جن کے پیارے حادثے میں چلے گئے ان کے غمزدہ لواحقین کے ساتھ کس طرح بات کی جانی چاہیے۔خاتون نے دعوی کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے مدد تو دور کی بات بلکہ وہ لواحقین کے عزیزوں سے بدتمیزی سے پیش آ رہے ہیں اور رشتہ داروں کی جانب سے کوئی بھی سوال پوچھے جانے پر پی آئی اے انتظامیہ ان کے ساتھ نامناسب انداز میں بات کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خوبرو اداکارہ یمنی زیدی اپنی خوبصورتی کی معترف