گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد؟

سرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحاق نے گیس قیمتوں میں چار سو فیصد اضافے کی درخواست کو نامنظور کرتے ہوئے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ایس این جی پی ایل کو خبردار کیا ہے کہ اگر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان یونہی برقرار رہا تو کاروباری افراد اور عوام گیس کے کنکشن منقطع کرکے ایندھن کے دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے امر واقعہ یہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت گیس اور دیگر قدرتی وسائل سے ترجیحی بنیادوں پر استفادہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے صوبے میں گیس کی پیداوار استعمال کرنے سے کہیں زیادہ ہے مگر جس طرح صوبے کی پن بجلی کو قومی گرڈ سے منسلک کرتے ہوئے اپنے کوٹے کے مطابق بھی بجلی کی فراہمی کویقینی نہیں بنایا جاتا اور کوٹے سے کم بجلی دی جاتی ہے اسی طرح صوبے کی گیس پر بھی گیس کمپنیوں نے تصرف کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے عوام کو محرومی سے دوچارکر رکھا ہے جس سے صوبے میں صنعتی ترقی بری طرح مجروح ہو رہی ہے اور آئے روز قیمتوں میں بے تحاشا اضافے سے صوبے پر بوجھ ڈال کر صنعتی ، تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیا جاتا ہے ، اس لئے چارسو فیصد اضافے کی تجویز پر نظر ثانی کی جائے ۔قیمتوں میں اس قدر اور بے تحاشا اضافے سے عوام پر بھی بوجھ میں اضافہ ہو گا جو پہلے ہی مہنگائی کی زد میں ہیں اور ان کی قوت خرید شدید طور پر متاثر ہوچکی ہے حکومت جس طرح آئی ایم ایف کے دبائو میں مختلف شعبوں میں قیمتیں بڑھانے کی کوششیں کر رہی ہے اس سے عوام کو ریلیف ملنا تو کجا ، الٹا ان کی کمر دوہری ہوتی جارہی ہے جس سے اجتناب ہی واحد راستہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  منرل ڈیویلپمنٹ کمپنی کا قیام