Corona patients referred to district hospitals

تدریسی ہسپتال بھرگئے،کورونامریض ضلعی ہسپتالوں کوریفر

ویب ڈیسک (پشاور)صوبے کے تدریسی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے بستروں کی گنجائش ختم ہونے کے بعد مریضوں کو واپس ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ریفر کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے تاہم اکثر ہسپتالوں میں آئی سی یو اور مائع آکسیجن گیس کا انتظام نہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے کے تمام تدریسی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے بستر مختص کئے گئے ہیں جس میں سب سے زیادہ بستر ایل آر ایچ میں مختص کئے گئے ہیں جبکہ باقی ہسپتالوں میں اتنی تعداد میں بستروں کا انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ کورونا کی چوتھی لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے جس کیلئے اب ضلعی ہسپتالوں میں گنجائش پیدا کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور پشاور کے بعض ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کو رکھنے کی مزید گنجائش نہیں اور آئسولیشن وارڈز کے ساتھ آئی سی یو بھی مریضوں سے بھر گئے ہیں اس لئے اب نئے مریضوں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں واپس ریفر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن اس بارے میں شکایات ہیں کہ اضلاع کی سطح پر ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے مطلوبہ سہولیات میسر نہیں اس وجہ سے آئندہ دنوں کے دوران بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے ۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایاکہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بستر مختص کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن کیلئے مطلوبہ سامان بھی فراہم کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  ڈپٹی کمشنر پشاورکی ہدایت پر پانی بل نادہندگان کے خلاف آپریشن کا آغاز