پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ آج (منگل) سنایا جائے گا۔
ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج بروز منگل سنایا جائے گا۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج صبح 10 بجے سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے کازلسٹ جاری کردی ہے۔
یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کا تین رکنی بنچ سنائے گا۔ بنچ میں چیئرمین الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ، نثار احمد راجہ اور شاہ محمد جتوئی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیٹکل پارٹیز آرڈر 2022 کی دفعہ 6 کے تحت شکات کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
یاد رہے مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں کئی بار الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی اپیل کرچکے ہیں جبکہ تحریک انصاف کا مؤقف تھا کہ دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ بھی ساتھ ہی سنایا جائے۔
چند روز قبل تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے پارٹی اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن ممبران کی حکومتی اتحاد کے وفد سے ملاقات پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے سنائے جانے کے اعلان کے بعد ریڈ زون کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اینٹی رائٹس فورس بھی ریڈ زون میں رہے گی،غیر متعلقہ افراد ریڈ زون میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

مزید پڑھیں:  فلسطینیوں کی نسل کشی،نیتن یاہو سمیت اسرائیلی حکام کی گرفتاری کاامکان