پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ، کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار،آئی ایس پی آر

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا، جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا جس سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جس وقت ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا اس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور وہ بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم کا اظہار تشویش،

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں بارے ‏سنی اتحاد کونسل کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی:
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر مامور پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کمانڈر 12 کور اور دیگر سوار فوجی افسران کی حفاظت کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت کی جانب سے سرچ آپریشن کی کامیابی کی بھی دعا کی گئی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف:
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لیے دعا گو ہے.

مزید پڑھیں:  حج آپریشن کا شیڈول جاری، عازمین کی روانگی 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گی

جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
ٹویٹر پر وزیراعلیٰ نے لکھا کہ انتظامیہ اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔