میسی آخری عالمی کپ

یہ میرا آخری عالمی کپ ہے، میسی

ارجنٹائن کے شہرہ آفاق فٹبالر میسی نے کہا ہے کہ جاری فیفا ورلڈ کپ کا فائنل ان کے عالمی کپ مقابلوں کا آخری میچ ہو گا، قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں میسی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، انہوںنے کروشیا کیخلاف پہلا سکور کیا جو جاری ورلڈ کپ میں ان کا مجموعی طور پر پانچواں گول تھا، میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میسی کا کہنا تھا کہ یقیناً یہ میرے لئے بہت خوشگوار لمحہ ہے ، ہماری ٹیم فائنل تک پہنچ چکی ہے تمام کھلاڑیوں نے اس کیلئے بہت محنت کی ہے اور اب ہم ٹرافی اٹھانے سے صرف ایک قدم کے فاصلے پر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس عالمی کپ کے بعد اگلے عالمی کپ میں چار سال باقی ہیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ میں اس تک نہیں پہنچ پائوں گا لہٰذا اتوار کو ہونے والا فائنل میچ میرے عالمی کپ کیریئر کا آخری میچ ہوگا، 35 سالہ میسی جو اتوار کے فائنل میں اپنے عالمی کپ مقابلوں کا 26واں میچ کھیلیں گے کے پاس عالمی کپ ٹرافی اٹھانے کا آخری موقع ہے، 2014 کے فائنل میں فائنل میں پہنچنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کو جرمنی نے شکست دیدی تھی اس ٹیم کا میسی حصہ تھے، میسی اپنے کیریئر میں کئی اعزاز جیت چکے ہیں، میسی نے فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز بیلن ڈی اور ایوار ریکارڈ سات مرتبہ جیتا ہے جبکہ فیفا بیسٹ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز بھی وہ ایک مرتبہ جیت چکے ہیں، اس کے علاوہ میسی چار مرتبہ چیمپئنز لیگ، گزشتہ سال ارجنٹائن کی ٹیم نے کوپاامریکا کپ جیتا ، میسی کے کیریئر میں اب صرف ایک اعزاز کی کمی ہے اور وہ ہے عالمی کپ ٹرافی جس کیلئے وہ آخری مرتبہ اتوار کے روز فرانس یا مراکش میں سے کسی ایک کیخلاف میدان میں اتریں گے۔

مزید پڑھیں:  آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ، 3 پاکستانی امپائرز بھی پینل میں شامل