پاکستان دیوالیہ نہ ہوگا

پاکستان دیوالیہ کر جائے،ایسا نہ ہوگا نہ کرنے دیں گے،وزیراعظم شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے تو ایسا نہ ہوگا، نہ کرنے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دے دیا اور کہا کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو،کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے تو ایسا نہیں ہوگا، نہ کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں ، جس طرح آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی اور راشی حکومت سے نجات دلائی تھی، اب عوام کو روٹی، روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔
شہبازشریف نےکہا کہ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں اور سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہ ہوں، سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرستی اور خودغرض ہیں۔
انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا، ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے، پاکستان کے عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی، بے روزگاری کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ 4 سال کی معاشی تباہی سے زہرناک مہنگائی کا شکار ہوا، عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں، رکاوٹیں مت کھڑی کریں۔ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مظبوط کر سکتے ہیں، نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لئے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔

مزید پڑھیں:  حج آپریشن کا شیڈول جاری، عازمین کی روانگی 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گی