ای پی آئی ٹیکنیشنزکااحتجاج

تنخواہوں کی عدم ادائیگی،ای پی آئی ٹیکنیشنزکااحتجاج جاری

ویب ڈیسک : پرائمری ہیلتھ کئیر ای پی آئی ٹیکنیشنز کا تنخواہوں کی ادائیگی اور نوکریوں کی بحالی اورگرفتار ہونیوالے ساتھیوں کی رہائی کیلئے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے جس میں کثیر تعداد میں ای پی آئی ٹیکنیشنز شریک ہیں ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ٹیکنیشنز میرٹ پر بھرتی ہوئے تھے اور کورونا کے دوران بھرپور خدمات انجام دی ہیں جبکہ ہمارے کئی ساتھی کورونا کے دوران متاثر بھی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک سال تک بغیر تنخواہ کے کام کرنا پڑا تاہم جب تنخواہ کی ڈیمانڈ کی تو ہمیں تنخواہیں دینے کے بجائے ایک ہزار ملازمین کو برخاست کر دیا گیا جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔
انہوںنے کہا کہ ہمارے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں حکومت نے ہماری خدمات کے بدلے ہمیں برخاست کر کی ظلم کی انتہا کردی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت خزانہ خالی ہونے کا رونا روتی ہے کیا یہ خزانہ سرکاری ملازمین نے خالی کیا ہے ؟ انہوںنے کہا کہ اپنے مطالبات کے سلسلہ میں کئی بار متعلقہ حکام اور ہیلتھ منسٹر سے ملاقات ہوئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ گزشتہ روز ہمارے پر امن احتجاج پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج و شیلنگ کی گئی جو ظلم کی انتہا ہے۔
انہوںنے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ،صوبائی وزیر خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے ٹرمنیشن لیٹرز واپس لئے جائیں ہمیں بحال کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  چترال کے پہاڑوں میں پھنسا سوئس سیاح ریسکیو کر لیا گیا