پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں تعلیمی ادارے وفاق کی ہدایات کے مطابق کھولے جائیں گے.
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اسکول کھولنے کے معاملے پر خود سے فیصلہ نہیں کرے گی اور جو بھی وفاقی کی ہدایات ہوں گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے اسکولز، یونیورسٹیز سمیت تمام تعلیمی اداروں کو 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
قومی رابطہ کمیٹی(این سی سی) اجلاس کے بعد وزیراعظم اور دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ جب کورونا وائرس کی وبا پھیلی تو ہمیں طلبہ کی صحت کا مکمل خیال کرنے اور تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔