ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ شیڈول

آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ شیڈول پر سوالات اٹھنے لگے

سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے شیڈول پر سوالات اٹھا دیئے۔ سابق بھارتی کھلاڑی نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نہ رکھوانے پر سوال اٹھایا کہ دونوں ممالک روایتی حریف ہیں اور انکے میچوں کو بڑے ٹورنامنٹس میں آئی سی سی خوب کمائی کیلئے استعمال کرتا ہے لیکن ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ان کے آپس میں کوئی میچ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تناؤ کے باعث دونوں ٹیمیں دو طرفہ سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آتیں تاہم آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچز کو شیڈول رکھا جاتا ہے کہ لوگوں کی توجہ اور کمائی کا ذریعہ بنایا جاسکے۔ آکاش چوپڑا نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ابتدائی دو سائیکل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی ٹیسٹ میچ نہیں رکھا جبکہ سال 2023 سے 2025 کے درمیان بھی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹیسٹ میچز کھیلنے سے محروم رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہیے کہ پہلا یا دوسرا میچ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان رکھتے تاکہ ٹورنامنٹ کی شروعات اچھی ہو جس سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ریٹنگ بھی اوپر جائے۔ واضح رہے کہ سال 2012 کے بعد سے دونوں ٹیمیں دو طرفہ سیریز کھیلنے سے محروم ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے سال 2007 میں آخری بار ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20ورلڈ کپ کی ٹرافی ایبٹ آباد پہنچ گئی