آئی سی سی ورلڈ کپ، 2 بار کی عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

ہرارے(ویب ڈیسک) سکاٹ لینڈ نے دوبار آئی سی سی ورلڈ کپ فاتح ٹیم ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ 2023 میں شرکت کی دوڑ سے باہر کردیا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز 2023ء میں سپر سِکس کے تیسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ کے دوران سکاٹ لینڈ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بار کی عالمی چیمپئن کو ورلڈ کپ 2023ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ سے بھی باہر کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اچھا کھیل پیش نہ کر سکی اور 44ویں اوور میں 181 رنز پر تمام وکٹیں گنوا بیٹھی، سکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 182 رنز کا آسان ہدف ملا جسےسکاٹش الیون نے صرف 3 وکٹوں پر پورا کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر نے سب سے زیادہ 45 رنز کی اننگز کھیلی، رومیریو شیفرڈ 36 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ برینڈن کنگ 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے 182 رنز کا ہدف 43.3 اوورز میں حاصل کرلیا، سکاٹ لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس نے ناقابل شکست 74 رنز کی اننگز کھیلی اور دیگر ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، برینڈن میکولن 69 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے اور میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
واضح رہے ویسٹ انڈیز 1975 اور 1979 میں ورلڈ کپ اپنے نام کر چکی ہے۔

مزید پڑھیں:  آئرلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ،قومی کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ گئی