حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ آج سے شروع

پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ آج ( 2 جولائی) سے شروع ہوگی، جدہ ایئرپورٹ سے پہلی تین حج پروازوں کے ذریعے 693 حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے۔
ویب ڈیسک: وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پہلی حج پروازیں جدہ سے کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد پہنچیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ جدہ سے حج فلائٹ آپریشن 20 جولائی تک جاری رہے گا، حجاج کرام کی مکہ سے مدینہ روانگی کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، 38 ہزار حجاج کرام کو مدینہ منورہ بھجوایا جائے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کرام کی وطن واپسی کے سلسلے میں مدینہ منورہ سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیرمذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج مشن کی ٹیم نے بہت قلیل وقت میں بہتر انتظامات کئے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حج مشن بعد از حج بھی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بہتر کرے، مکہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی ہر طرح سے خدمت کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ حج مشن اگلے حج کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دے تاکہ اگلے سال عازمین کو بہتر رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید پڑھیں:  فائر فائٹرز کا عالمی دن آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے