سویڈن واقعہ احتجاجی مظاہرے

سویڈن واقعہ کیخلاف صوبہ بھرمیں احتجاجی مظاہرے جاری

سویڈن میں پیش آنے والے قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، رستم، لنڈیکوتل، چارسدہ اور لوئر دیرمیں احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں وکلاء اورسیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہروں میں حکومت سے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رستم میں سول سوسائٹی اور پی ٹی آئی کارکنان نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر سویڈن کے خلاف نعرے درج تھے۔
رستم میں ہونے والے مظاہرہ کے دوران شرکاء نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، اس سے تمام امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ اس بزدلانہ فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی حرمت پر جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو بھی ہمہ وقت تیار ہیں، سویڈن کے سفیر کو فی الفور ملک بدر کرنے اور تمام سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔
مقررین نے حکومت پر زور دیا کہ اس مسئلے کو بین الاقوامی فورم پر اٹھائے تاکہ آئندہ کوئی بھی امت مسلمہ کے جذبات مجروح نہ کرسکے۔
لنڈیکوتل بازار میں جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں جماعت اسلامی قائدین، کارکنان اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
لنڈی کوتل بازار میں احتجاجی مظاہرہ میں شرکاء نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر قرآن کریم کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے، پاکستان میں سویڈن کے سفیر کو ملک بدر جبکہ پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے اور سویڈن کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات فوری ختم کئے جائیں۔
مظاہرے کے شرکاء نے مزید کہا کہ او آئی سی ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، عالمی قوتوں کی خاموشی معنی خیز ہے، واقعے میں ملوث شخص کے خلاف عالمی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔
چارسدہ کے جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے مردان چارسدہ روڈ پر ڈسٹرکٹ بار چارسدہ نے احتجاجی ریلی نکالی اور ہڑتال بھی کی۔
صدر بار مجیب الرحمٰن ایڈووکیٹ نے ریلی کی قیادت کی، ریلی میں وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، وکلاء برادری نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف عالمی قوانین کے تحت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
لوئر دیرمیں جے یو آئی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سویڈن حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مقررین نے کہا کہ او آی سی سویڈن حکومت کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے، حکومت سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم اوران کی مصنوعات پر پابندی لگائے۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ میں معمولی تنازعے پر فائرنگ کا تبادلہ ،2افراد جاں بحق