غبن الزامات،محکمہ صحت میں بیک وقت10انکوائریاں شروع

ویب ڈیسک:نیب کی جانب سے جاری ہدایات پر محکمہ صحت نے مختلف الزامات کی چھان بین کیلئے بیک وقت 10انکوائریاں شروع کردی ہیں اس سلسلے میں ہیلتھ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کورونا فنڈمیں مبینہ غبن پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لوئر چترال ڈاکٹر فیاض رومی کیخلاف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال لوئر دیر ڈاکٹر دائود خان کو چیئر مین اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لوئر دیر ڈاکٹر خالد خان کو انکوائری کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف ایل ایچ ویز کی غیر قانونی برطرفی اور غیر قانونی بھرتی کرنے کے الزامات کی چھان بین کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر خان کی سربراہی میں انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔ اس طرح میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک کیخلاف کلاس فور ملازمین کی غیر قانونی بھرتی کے الزامات پر چھان بین کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوہاٹ ڈاکٹر فضل مولیٰ کو انکوائری کرانے کا ہدف دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شمالی وزیر ستان میں غیر قانونی بھرتی کے الزام پر اس وقت کے ڈی ایچ او شمالی وزیر ستان اور موجودہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکرام صافی کیخلاف ڈائریکٹر فائونڈیشن ڈاکٹر عظمت اللہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ان کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال صوابی کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ خالد کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صحت میں کنٹریکٹ، ایڈ ہاک اور فکسڈ پے پر ڈینٹل سرجن کی بھرتی میں قواعد کی خلاف کیخلاف چھان بین کیلئے ڈائریکٹر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر خضر حیات کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع کرم میں بطور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عنایت الرحمن کیخلاف غیر قانونی بھرتی کے الزام پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس الزام کی چھان بین کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اورکزئی ڈاکٹر عدنان کو حوالہ کی گئی ہے
ذرائع نے بتایا کہ نوید الرحمن نامی ٹیک نیشن کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صدہ میں جعلی ڈپلومہ پر بھرتی کرنے کے الزام پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مجاہد حسین بنگش کیخلاف خیبر پختونخوا میڈیکل فیکلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے سرکاری ایمبولینس گاڑیوں کی نیلامی میں گڑ بڑ کی شکایات کی چھان بین کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال کیخلاف انکوائری میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر دیر ڈاکٹر خالد خان کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور کزئی کیخلاف غیر قانونی بھرتی کرنے کے الزامات کی چھان بین کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فضل مولیٰ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر باجوڑ کے خلاف غیر قانونی بھرتی کے الزامات پر ڈی ایچ کیو ہسپتال صوابی کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ خالد کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مخدوم صفدر کمیٹی کے ممبر نامزد کئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق ان تمام انکوائریز میں ملوث ڈاکٹرز کیخلاف یہ شکایات کئی سال قبل سے موصول ہورہی تھیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے اس پر آنکھیں بند رکھی گئی تھیں اور اب نیب کی جانب سے ہدایات پر بیک وقت انکوائریز کا آغاز کیا گیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  برازیل میں شدید بارشیں جاری، 29 افراد ہلاک، 60 سے زائد افراد لاپتہ