railways

کورونا وائرس کے وجہ سے بند ریلوے آپریشن کا آج دوبارہ سے آغاز ہو گیا

ملک بھر میں 55 روز کی بندش کے بعد آج سے 30 ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 55روز کے بعد میں آج سے “ مسافر “ ریل گاڑیوں کا آپریشن شروع ہوگا تاہم ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کو محدود رکھا گیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر مسافر بوگیوں کے اندر جراثیم کش سپرے کیا گیا اور بوگیوں کی صفائی دھلائی بھی کی گئی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایس او پیزکو مدنظر رکھ کر ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  آئین میں واضح ہے کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کریگی،عمرایوب

اس حوالے سے چیف کمرشل مینجر “ پسنجر “ ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ مسافر ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن پہنچیں اور کسی مسافر کے عزیز کو اسٹیشن کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اسٹیشن کی حدود میں صرف ٹکٹ رکھنے والوں ہی کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرین میں 60 فیصد مسافر ہوں گے جبکہ 40 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی ۔مسافر ماسک پہن کر آئیں تاہم سینی ٹائزر ریلوے فراہم کرے گا جبکہ ٹکٹوں کی فروخت آن لائن ہوگی، ریزرویشن دفاتر بند رہیں گے۔

مزید پڑھیں:  سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان پر امریکہ کا ردعمل

ریلوے انتظامیہ نے ریل سے سفر کرنے والے مسافروں کےلئے ایس او پیز متعارف کروادئیے ہیں، پہلی مرتبہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5سوروپے دوسری مرتبہ ایک ہزارروپے جرمانہ اور تیسری مرتبہ خلاف ورزی پر مسافر کو اگلے سٹاپ پر ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔

آج پہلی ٹرین پاکستان ایکسپریس راولپنڈی سے صبح 6 بجےکراچی کے لیے روانہ ہوئی جب کہ دوسری ٹرین لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی۔ آج کراچی سے بھی 9 ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔