آئی ٹی کے شعبے میں پیش رفت

نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بہتر مواقع فراہم کرنے اور انہیں مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرانے کے لئے جدید تعلیم و تربیت کے لئے ایبٹ آباد اور ہری پور کو آئی ٹی کے شعبہ میں” کوانٹم ویلی” بنانے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے صنعتی ملکوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لئے اسکلڈ لیبر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے وزیراعلیٰ سید ارشاد حسین شاہ نے گزشتہ روز ضلع ہری پور اور ایبٹ آباد کا دورہ کرتے ہوئے مختلف تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے ان تعلیمی اداروں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، ان تعلیمی اداروں میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد اور ہری پور کو کوانٹم ویلی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کی سیلی کان ویلی کی طرز پراس میں آئی ٹی کے شعبے میں مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جدید قسم کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی، جس کی شاخیں صوبے کے دیگر اضلاح میں بھی قائم کی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ روایتی تعلیم و تربیت کو جدید دور کے تقاضوں اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ سے ہم آہنگ کریں تاکہ ہمارے نوجوان ان اداروں سے فارغ ہو کر اپنے لئے باعث روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے لئے جگہ بنا سکیں، امر واقعہ یہ ہے کہ اج دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں زبردست تبدیلیاں آرہی ہیں، اس لئے روزگار کے لا تعداد مواقع اسی شعبے میں سامنے آرہے ہیں، جہاں تک آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ تربیت کے لئے کوانٹم ویلی کے قیام کا تعلق ہے تو بہتر ہوتا کہ ان میں سے ایک ادارہ ضلع ہزارہ میں اور دوسرا پشاور میں قائم کر کے تمام اضلاع میں برابری کی سطح پران سے طلباء کو استفادہ کے مواقع فراہم کئے جاتے۔

مزید پڑھیں:  استحصالی طبقات کاعوام پر ظلم