مرتضیٰ سولنگی

عمران خان کو سزا ہوچکی، میڈیا رسائی نہیں دی جاسکتی:مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر سنگین الزامات ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے ‘میڈیا رسائی نہیں دی جاسکتی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، نگران حکومت آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں، مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں تو وہ کہیں گے سیکورٹی مسائل کی وجہ سے ہمیں بلوچستان اور کے پی کے میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کو ریاستی میڈیا پر یکساں کوریج دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے، مجھے امید ہے کہ انتخابات سیاسی استحکام کا باعث بنیں گے۔

مزید پڑھیں:  کمر توڑ مہنگائی برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو لے بیٹھی