انتخابی گہما گہمی

عام انتخابات میں کچھ ہی دن باقی:انتخابی گہما گہمی نہ ہونے کے برابر

ویب ڈیسک :ملک بھر میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کچھ ہی دن باقی ہیں تاہم تاحال انتخابی گہما گہمی نظر نہیں آرہی جس کی مثال گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے حالیہ سروے میں سامنے آئی ہے۔
سروے کے مطابق 44 فیصد پاکستانیوں نے حالیہ انتخابات کے حوالے سے اپنے محلے یا علاقے میں سیاسی جماعتوں کے بینرز، پرچم یا پوسٹر لگے ہوئے نہیں دیکھے۔
13 جنوری سے 18 جنوری 2024ءتک کئے گئے سروے میں خواتین و حضرات سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کے علاقے یا محلے میں عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے بینرز، پرچم یا پوسٹر لگے ہوئے ہیں؟
اس سوال کے جواب میں 13 فیصد لوگوں نے ہاں میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے محلے یا علاقے میں 2024ءکے انتخابات کی مناسبت سے سیاسی جماعتوں کے بینرز، پرچم اور پوسٹر بہت زیادہ لگے ہوئے ہیں۔
20 فیصد لوگوں نے کچھ حد تک جبکہ 19 فیصد لوگوں نے بہت کم پوسٹرز یا بینرز لگے ہونے کی تصدیق کی ہے ۔
44 فیصد لوگوں کے مطابق ان کے محلے یا علاقے میں 8فروری 2024ءکے انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے بینرز، پرچم یا پوسٹر بالکل نہیں لگے تاہم 4 فیصد لوگوں نے اس حوالے سے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا یا یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ انہوں نے کوئی دلچسپی کا اظہار ہی نہیں کیا۔
گیلانی ریسرچ فاونڈیشن کاحالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے کیا گیا یہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کے دیہی اور شہری آبادی کی 1015 مرد و خواتین سے کیا گیا‘ سروے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا طریقہ فون انٹرویو تھا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کا جشن قاقلشت فیسٹیول کا دورہ