بجلی صارفین پر مزید بوجھ

ملک بھرمیں بجلی مزید مہنگی کرنے کے لئے نیپرا میں درخواست دائر کردی گئی ہے ‘ اکتوبر تا دسمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کرنے کے لئے تقسیم کار کمپنیاں میدان میں اتر آئی ہیں اوراگر ان کی درخواست منظور کرلی گئی توبجلی کی فی یونٹ 5 روپے 62 پیسے اضافے کے ساتھ صارفین پر مجموعی طور پر 81 ارب 50 کروڑ روپے کا مزید بوجھ پڑے گا ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے جو نتائج پہلے ہی سامنے آرہے ہیں ان پراگر غور کیاجائے توبجلی کے نرخوں میںمزید اضافہ سے عوام کی زندگی مزیداجیرن ہوجائے گی پہلے گرمی کے موسم میں بے پناہ بل آنے شروع ہوئے تو عوام کو یہ خوش فہمی تھی کہ کم از کم سردی کے موسم میں بجلی کے بلوں میںمناسب کمی سے ان کے دلدر دور ہو جائیں گے لیکن اب یہ خوش فہمی بھی ختم ہو چکی ہے ‘ یاد رہے کہ ابھی چند ہفتے پہلے ایشیائی ترقیاتی بنک نے بجلی کے نرخوں میں مزید اضافے سے حکومت کو باز رکھنے کی کوشش کی تھی لیکن اے بسا آرزو کہ خاک شدہ اس صورتحال سے ملک میں ایک جانب بجلی کی چوری کی وارداتیں پہلے سے تیز ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں بجلی چور تو نہال ہو رہے ہیں جبکہ باقاعدگی کے ساتھ بل ادا کرنے والوں پرلائن لاسز کے نام پر اضافی یونٹ ڈال کر کھاتہ برابر کیا جارہاہے جوانتہائی زیادتی ہے اگرچہ انتخابی میدان میں اتری ہوئی دواہم جماعتیں اقتدار میں آنے کی صورت میں تین سو یونٹ تک بجلی مفت دینے کے وعدے کر رہی ہیں لیکن کون جانے کہ یہ صرف انتخابی وعدے ہی نہ ہوں اور اقتدار ملنے کے بعد توکون میںکون؟۔

مزید پڑھیں:  حصول حقوق کا عزم اور اس کے تقاضے