رہزنی موبائل چھیننے کی بڑھتی وارداتیں

صوبائی دارالحکومت پشاور میں بالعموم اور تھانہ پہاڑی پورہ کے علاقے میں بالخصوص رہزنی اور موبائل چھیننے کے واقعات میں اضافہ بتایا جاتا ہے، تھا نہ پہا ڑی پورہ کی حدود میں میڈیا سے تعلق رکھنے والے کئی کارکنوں کے موبائل چھیننے کے واقعات ہوئے اور ان کو نقدی سے محروم کیا گیا، گزشتہ روز بھی علی الصبح تھا نے کے بالکل سامنے موبائل چھیننے اور نقدی لوٹنے کی واردات ہوئی مگر پولیس روزنامچہ درج کرنے سے بڑھ کر کوئی کارروائی نہیں کرتی ،ایک ایسے وقت جب انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں صبح و شام اور رات گئے معمول سے زیادہ آ مدورفت ہورہی ہے جس کا تقاضا ہے کہ پولیس چوکنا ہو محولہ قسم کے واقعات لمحہ فکر یہ ہیں جس کا سی سی پی او کو بطور خاص نوٹس لینا چاہئے ،پولیس کی جانب سے تساہل برتنے کے روئیے سے اس امر کا اظہار ہوتا ہے کہ اعلیٰ افسران مصروفیات یاکسی اور وجہ سے صورتحال پر پوری طرح نظر نہیں رکھ پارہے ہیں جس کے باعث تھانوں کی پولیس گشت اور صورتحال پر نظر رکھنے میں تساہل کا شکار ہو رہی ہے جس کے باعث جرائم میں اضافے کا خطرہ ہے، اس طرح کی صورتحال میں عوام میں احساس عدم تحفظ میں اضافہ فطری امر ہے جس کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ،پولیس چیف کو صورتحال سے بے خبر اور غافل نہیں ہونا چاہیے اور صورتحال کا نوٹس لے کر رہزنوں کی گرفتاری اور چھینے گئے موبائل فونز کی برآمد گی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی سختی سے ہدایت اور عملدرآمد پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اس صورتحال کے مکمل تدارک کے اقدامات پر توجہ دی جانی چاہیے۔

مزید پڑھیں:  درست سمت سفر