الیکشن کنٹرول روم

نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا کا الیکشن کنٹرول روم کا دورہ

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے محکمہ داخلہ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
وزیراعلی کو متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے عمل کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلی سید ارشد حسین شاہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کنٹرول روم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے متعلق کوآرڈینیشن کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے۔
بریفنگ میں وزیر اعلی کو مزید بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے تمام 15607 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان اور عملہ بروقت پہنچایا گیا ہے۔ صوبے کے تمام برفانی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں بھی عملہ اور سامان پہنچایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ برفانی علاقوں میں اس وقت تمام راستے کھلے ہیں اور صوبہ بھر میں پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔
بریفنگ کے دوران وزیراعلی کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں انتخابی عمل کے سلسلے میں انتظامی اور سکیورٹی امور کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے جدید سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے جس کی مدد سے تمام پولنگ اسٹیشنز سے معلومات بروقت حاصل کی جارہی ہیں۔
انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی صورت میں مینوئل طریقے سے بھی اس سافٹ ویئر کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس سافٹ ویئر میں تمام پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی عملے سے متعلق ہر قسم کی معلومات درج ہیں۔
وزیراعلی کو بتایا گیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے کے لئے ٹیلیفون اور موبائل فون کا متبادل انتظام بھی کیا گیا ہے۔
آخری بیلٹ باکس موصول ہونے تک کنٹرول روم بغیر کسی تعطل کے کام کرتا رہے گا۔
وزیراعلی سید ارشد حسین شاہ نے عام انتخابات کے لئے انتظامات اور مربوط کوآرڈینیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے متعلقہ حکام کو کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام تھے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں سورج آگ برسانے لگا، 2 بچے گرمی کی شدت سے جاں بحق