مرتضیٰ سولنگی

عوام کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا جمہوریت کی فتح ہے‘مرتضیٰ سولنگی

ویب ڈیسک :نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ملک بھر میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں بڑی تعداد میں عوام کا ووٹ ڈالنا جمہوریت کی فتح ہے ۔
عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج قوم نے ہمارے جمہوری سفر میں ایک اور تاریخ رقم کی ہے، پاکستان بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور جمہوریت سے اپنی وابستگی، اپنی قومی ذمہ داری اور ووٹ کی طاقت پر یقین کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا نہ صرف ہماری جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے بلکہ یہ ہماری ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، انتخابات کا پرامن انعقاد تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، میں ان تمام لوگوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اس جمہوری مشق میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے بین الاقوامی میڈیا، مبصرین، مقامی میڈیا اور فیلڈ میں موجود صحافیوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی اور کوریج عالمی سطح پر ہمارے انتخابی عمل کی سالمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:  میر علی، نویں اور دسویں جماعت کے ہزاروں حل شدہ پرچے نظر آتش