علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ

خیبر پختونخوا، علی امین گنڈا پور اگلے وزیراعلیٰ کے متوقع اُمیدوار

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہو گئی ہے اور بغیر کسی اتحادی کے صوبے میں مسلسل تیسری مرتبہ حکومت بنانے کی پوزیشن حاصل ہوگئی ہے، جبکہ پارٹی کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور متوقع طور پر اگلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کرلی ہیں، جہاں اُمیدواروں نے چترال، ایبٹ آباد، سوات، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، مہمند، خیبر، مردان اور بنوں سے کامیابی سمیٹی ہے۔
صوبے میں حکومت بنانے کے لیے اسمبلی میں 73 نشستیں درکار ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 90 آزاد اُمیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
پی ٹی آئی نے اکثریت حاصل کرلی ہے اور علی امین گنڈاپور ڈیرہ اسمٰعیل خان سے تیسرے وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں، ان سے قبل مفتی محمود اور سردار عنایت اللہ خان گنڈاپور کا تعلق بھی ڈیرہ اسمٰعل خان سے تھا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے 2013 میں پہلی مرتبہ صوبے میں حکومت بنائی تھی اور پرویز خٹک وزیراعلیٰ بن گئے تھے، جس کے بعد 2018 میں محمود خان وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔
علی امین گنڈاپور پہلی مرتبہ صوبائی حکومت میں وزیر بنے تھے اور 2018 میں پی ٹی آئی کی وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ اباد، ضلع انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل