نگراں وزیراعظم

حکومت کس کو دینی ہے فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، نگراں وزیراعظم

ویب ڈیسک: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت کس کو دینی ہے اس کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔
ترک میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ جو سادہ اکثریت ظاہر کرے گا وہ حکومت بنائے گا۔ پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت کس کو دینی ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری عوام کا تحفظ اور سلامتی ہے، ملک کو دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے، دہشت گردی کی کارروائی روکنے کا موثر طریقہ مواصلاتی ذرائع کو منقطع کرنا ہے۔
وزیراعظم انوار الحق کا مزید کہنا تھا کہ دو صوبوں میں دہشتگردی کے واقعات کے باوجود ووٹ ڈالنے کا تناسب بہت اچھا رہا،غیر معمولی حالات میں بڑی تعداد کا انتخابی عمل میں حصہ لینا جمہوریت کی مضبوطی کا عکاس ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق سیاسی جماعتوں میں جمہوری عمل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے یہ واضح کر دیا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری عمل سے گزرنا ہوگا،عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ حکومت سازی کا عمل جلد مکمل ہو، اب تک کے نتائج کے مطابق ایک مخلوط حکومت بنتی نظر آرہی ہے۔
سیاسی جماعتوں نے باہمی مذاکرات سے ایک نئی حکومت کی تشکیل کرنی ہے، نئی حکومت کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 40 فلسطینی شہید