صوبے کے حقوق کیلئے ہر حد تک جائیں گے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خِبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئِی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، صوبے کے حقوق کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے کمیشن بنائیں۔ ہماری خواتین اور کارکن جیلوں میں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے فائدہ حاصل کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قیام امن پہلی ترجیح ہے جبکہ رمضان المبارک کے مہینے سے صحت کارڈ شروع ہو جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ساڑھے 8 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم ملیں گی، ایک لاکھ 15 ہزار ایسے خاندانوں کو بھی امدادی رقم دینگے جو غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ انصاف ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کا جذبہ پہلے کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کا حق کسی کو نہیں دیں گے۔
علی امین گنڈاپورنے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی انشااللہ جلد رہا ہونگے۔ ایسا نظام بنائیں گے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ ہو سکے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ انکوائری ہونی چاہیے کہ 9 مئی کے واقعات سے کن لوگوں کو فائدہ ہوا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی سے ملنے اڈیالہ جیل گئے۔ جہاں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں رول آف لاء ہونا چاہیے، ہم نظریے کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان ہمارا ہے، اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام ادارے بھی ہمارے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ مرکزی حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا ہے، ووٹ چوروں کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے۔
وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ میرے صوبے کے کچھ حقوق ہیں جس کیلئَے میں اسلام آباد آؤں گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خواجہ سرا شدید زخمی، تھقیقات شروع