غزہ جنگ

غزہ جنگ کو 6ماہ مکمل :33ہزار شہادتیں،17لاکھ آبادی بے گھر

ویب ڈیسک: 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری جنگ کو 6ماہ مکمل ہو گئے ہیں ، اسرائیلی حملوں میں اب تک 33ہزار سے زائد شہادتیں جبکہ غزہ کی 17 لاکھ آبادی بے گھر ہو گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ21ویں صدی کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگوں میں سے ایک بن چکی ہے، اس جنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے ۔
اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بنیادی شہری انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔
جنگ کے نتیجے میں 11لاکھ فلسطینی شہریوں کوخوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے جبکہ دو سال سے کم عمر کے 31فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کی70فیصد آبادی بے گھر ہوئی، ان حملوں میں غزہ کی رہائشی عمارتوں میں سے 60فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک غزہ کے 90فیصد اسکول بھی تباہ ہو چکے ہیں جبکہ غزہ کے 36ہسپتالوں میں سے صرف 10ہسپتال کام کر رہے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں 227مساجد شہید اور 3گرجا گھر بھی تباہ ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے حملوں میں مجموعی طور پر غزہ کی نصف سے زائد تعمیرات تباہ ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسلام آبادہائیکورٹ: بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کاحکم جاری