کامران بنگش جدید تعلیم

موجودہ حکومت جدید تعلیم کے حصول کے لئے پرعزم ہے،کامران بنگش

انجنیئرنگ یونیورسٹی پشاور کے حیات آباد کیمپس میں روبوٹک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں اسکولوں اور دینی مدارس کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 2 روزہ روبوٹک مقابلے اور نمائش ‘نیشنل روبو ٹک 2022 ‘ کا انعقاد کیا گیا ۔
جس میں ملک بھر سے اسکولوں اور دینی مدارس کے 500 طلبا وطالبات پر مشتمل مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔ نمائش میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کامران بنگش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ آج کا دور کمپیوٹر، سائنس اور صنعتی ترقی کا دور ہے تعلیم، ٹیکینکل، انجینئرنگ، وکالت، ڈاکٹری اور مختلف جدید علوم حاصل کرنا دور حاضر کا تقاضا ہے، موجودہ دور ترقی کا دور ہے اور اس میں بڑی ضرورت فنی مہارت، صنعتی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی ہے، ملکی ترقی ایک تعلیم یافتہ انسان کی ذہانت اور سوچ پر مبنی ہوتی ہے،ایک فرد جنتا پڑھا لکھا ہو گا اتنا ہی وہ ملک کی ترقی کے لئے بہتر انداز میں کام کر سکے گا، تعلیم وہ حقیقت اور قوت ہے جو قوموں کی تقدید بدلنے اور اور ان کے مستقبل کو سنوارنے کی طاقت رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:  مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے فیصل کریم کنڈی کے گورنر بننے کی وجہ بتا دی

انہوں نے کہا کہ آج انسان زمین کی گہرائیوں سے تیل، گیس، کوئلہ ا ور قیمتی معدنیات نکالتا ہے، اگر تعلیم، تحقیق و جستجو کا مادہ انسان میں پروان نہ چڑھتا تو آج قدرت کے خزانے انسانی دسترس سے باہر ہوتے، سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور پیداواری وسائل کی دستیابی و فروانی نے مختلف پیشوں کی نوعیت اور معیار کو بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹکس ٹیکنالوجی کی اہمیت پوری دنیا میں مسلمہ ہے، خیبر پختونخوا میں روبوٹکس ٹیکنالوجی پر کام جاری ہے جس کے مثبت اثرات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے، طالبعلموں کی اس میں دلچسپی ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت جد ید تعلیم کے حصول کے لئے کافی پرعزم ہے اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج ہمارے سرکاری سکولوں کے بچے پرائیویٹ سکولوں کے مقابلے میں زیادہ انعامات اور اعزازات لے رہے ہیں ایسے ایونٹس کے انعقاد سے بچوں میں تعلیمی شعور اور آگے بڑھنے کا رجحان بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چپ ٹیکنالوجی، فائیوجی ٹیکنالوجی اورریورس انجینئرنگ پر توجہ دینے سے یقیناملک ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”علم حاصل کرو خواہ اس کے لئے تمہیں چین جانا پڑے“

مزید پڑھیں:  پشاور، خیبر پختونخوا حکومت نے 5 واں کابینہ اجلاس پیر کو طلب کر لیا، ایجنڈا جاری

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جدید تعلیم کی فراہمی کو وفاقی حکومت کافی اہمیت دے رہی ہے۔ کامران بنگش نے کہا کہ میں میڈیا کے دوستوں کا مشکور ہوں جو ایسی تقریبات کو بھر پور کوریج دے کر اجاگر کرتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی میں دینی مدارسِ کے طلبا کی کارکردگی کو بھی سراہا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

نمائش میں طلبہ نے جہاں ایک طرف پروگرامنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چلانے والے روبوٹس کے 25 اسٹالز لگائے وہیں روبوٹک نمائش میں فوڈ اسٹالز بھی لگائے۔ شرکا طلبا کے تیار کردہ روبوٹس کو دیکھ کر داد دیے بغیر نہ رہ سکے، ساتھ ہی شرکاء نے نمائش میں لگے فوڈ اسٹالز سے لذید کھانوں کا مزہ بھی لیا جبکہ بعض افراد ای گیمنگ سے محظوظ ہوتے رہے۔ روبوٹک نمائش میں شریک بچوں سمیت یونیورسٹی طلبا نے بھی باری باری ہر ایک اسٹال سے روبوٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔