ایران سے دہشت گردانہ حملہ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی سرحد سے پنجگور میں دہشت گردی کی کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید ہوگئے۔ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لئے ایرانی سرزمین استعمال کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارڈر پر گشت کے دوران نشانہ بنایا گیا ایران سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاگیا ہے۔پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں اور دونوں نوسو کلو میٹر طویل سرحد کے ہمسائے ہیں دونوں کے درمیان اچھی ہمسائیگی کی دیرینہ روایات ہیں تاہم پچھلے کچھ عرصے سے افسوس ناک طور پرایرانی سرزمین سے پاکستان کے لئے خطرات میں اضافہ ہو ا ہے سب سے تکلیف دہ بات ایرانی سرزمین میں پر بھارتی جاسوس کی سرگرمیاں تھیں جو بلوچستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرگرمیوں کے نگران اور منصوبہ ساز تھے خوش قسمتی سے ان کو گرفتار کیا گیا اگرایسا نہ ہوتا تونجانے مزید کس قسم کے حالات سے ہمیں واسطہ پڑتا اب بھی بلوچ علیحدگی پسندوںاورگمراہ عناصر کی ایرانی سرزمین پرموجودگی بھی تکلیف دہ امر ہے اس تشویش ناک صورتحال پر پاکستان متعدد مرتبہ ایران سے رابطہ بھی کر چکا ہے مگر خاطر خواہ تبدیلی نہیں آئی اور ایران اپنی سرزمین کوپاکستان کے خلاف ا ستعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری بھی پوری کرنے میں ناکامی کا شکار ہے جو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ان کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ بہرحال اس سے قطع نظر پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تجارت کے حجم میں اضافے پر بات چیت جاری تھی اس اثناء میں اس طرح کے واقعات سے سارے عمل کو دھچکا لگنا فطری امر ہو گا اس طرح دونوں ملکوں کے درمیان تجارت متاثر ہوتی ہے دہشت گردوں کی منصوبہ بندی کے پیچھے بھی غلط فہمی پیدا کرنے کیساتھ ساتھ اس طرح کی سازش بھی منصوبے کاحصہ نظر آتی ہے پاکستان اور ایران زمینی اور بحری دونوں راستوں سے ایک دوسرے کو نفع پہنچانے کے مواقع رکھتے ہیں یہ درست ہے کہ ایران پر بعض عالمی پابندیوں کی وجہ سے کماحقہ استفادہ کی راہ میں رکاوٹیں ہیں لیکن مشترکہ سرحد کی سہولت سے بہت سے مسائل و مشکلات کامقابلہ ممکن ہے صورتحال کا تقاضا ہے کہ سرحدوں پرمشترکہ گشت اور اطلاعات کے تبادلے کے نظام کو مربوط بنایا جائے اور مجرمانہ و دہشت گردانہ سرگرمیوں پرکڑی نظررکھی جائے ۔اپنی سرزمین پراس قسم کے عناصر کی سرکوبی وصفایا ایران کی ذمہ داری ہے اس ذمہ داری کوپورا کرنے کے لئے حالات کے تناظر میں ایران کو مزید اقدامات اور استحکام واعتماد پیدا کرنے کا ماحول بنانے کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  طوفانی بارشیں اورمتاثرین کی داد رسی