میجر محمد اکرم یوم شہادت

وطن پر جان نچھاور کرنے والے میجر محمد اکرم کا 50 واں یوم شہادت

ویب ڈیسک: انیس سو اکہتر کی جنگ میں قربانی کی لازوال داستان رقم کرنے والے میجر محمد اکرم کا 50 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 1971 کی جنگ میں ہلی( (Hilli) کی جنگ کے ہیرو کو تمام مشکلات کے خلاف اپنے عزم اور حوصلے کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

میجرمحمد اکرم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جہلم میں یادگار اور لائبریری بنائی گئی جہاں ان کے یوم شہادت پر خاندان کے لوگ اکٹھے ہوتے ہیں اور میجرمحمد اکرم شہید کو لازوال قربانی پرنشان حیدر سے بھی نوازا گیا، انہیں ’’ہیرو آف دہلی‘‘ کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

محمد اکرم 4 اپریل 1938 کو گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے 21 سال کی عمر میں 1959 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ میجر محمد اکرم نے 5 دسمبر کو مشرقی پاکستان کے علاقے ہلی کے محاذ پر بھارت کے خلاف جوان مردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پیوٹن کو کامیابی پر مبارکباد

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میجر محمد اکرم شہید کے 50 ویں یوم شہادت پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر جہلم کے بہادر سپوت میجر اکرم شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

فواد چوہدری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میجر محمد اکرم شہید نے 5 دسمبر 1971 کو مشرقی پاکستان میں جام شہادت نوش کیا، وہ ’’ہلی‘‘ کے محاذ پر بھارت کے خلاف جواں مردی سے لڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہلی کے محاذ پر میجر اکرم شہید نے عزم و حوصلے سے دشمن کا مقابلہ کیا، وہ جذبۂ حب الوطنی، جنگی فہم وفراست اور حوصلوں کی معراج تھے، ان کی ملک و قوم کیلئے عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  گیس مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں مکمل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آج کے دن میجر محمد اکرم نے وطن کیلئے اپنی جان قربان کردی، شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پوری قوم میجر محمد اکرم اور پاک فوج کے دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میجر محمد اکرم نے بھارتی افواج کے خلاف لڑتے ہوئے نشان حیدر کا اعزاز پایا، ان کی وطن کیلئے لازوال قربانی کو پوری قوم کا سلام ہے۔