گرین شرٹس کا کم بیک

گرین شرٹس کا کم بیک، تیسرے ٹی 20 میں کامیابی حاصل کر لی

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں گرین شرٹس نے کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔ افغانستان کو 66 رنز سے شکست۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ صائم ایوب 49 رنز بنا کر کیریئر کی پہلی نصف سنچری سے ایک رن سے محروم رہ گئے۔ افتخار احمد 31، کپتان شاداب خان 28 اور عبداللہ شفیق 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن نے 2 جبکہ فضل حق فاروقی، محمد نبی، فرید احمد، راشد خان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18.4 اوورز میں 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عظمت اللہ عمرزئی 21، رحمان اللہ گرباز 18 اور محمد نبی 17 رنز بنا سکے۔ کپتان شاداب خان اور احسان اللہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم، وسیم جونیئر اور زمان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز 1-2 سے افغانستان کے نام رہی۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ، پاکستان نے کینیڈا کو بھی شکست دیدی