الیکشن 2024، لنڈی کوتل میں پانی دو ووٹ لو کی تحریک شروع

ویب ڈیسک: الکشن 2024ء کے حوالے سے جہاں ملک بھر میِں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم شروع ہے وہیں لنڈی کوتل میں بھی منفرد انداز میں سیاسی رہنماوں کو اپنے مسائل یاد دلانے کیلئَے مہم شروع کر دی گئِی ہے۔
ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل کے نوجوانوں نے الیکشن مہم کے دوران پانی دو ووٹ لو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے مسائل کمیٹی مشران کی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی امیدوار ووٹ کی غرض سے آنے کی زحمت نہ کرے، لنڈی کوتل مسائلستان بن گیا ہے، جدید دور میں بھی تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے مختلف مقامات پر وال چاکنگ کے ذریعے پانی دو ووٹ لو کے نعرے درج کئے ہیں۔ وزیراعظم کے بار بار اعلانات کے باوجود شلمان واٹر سپلائی سکیم پر کام شروع نہ ہو سکا۔ اس 21ویں صدی میں بھی بچے اور خواتین دوردراز علاقوں سے سروں پر پانی لانے پر مجبور ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، 72 گھنٹوں میں صرف 2 گھنٹوں کے لیے بجلی آتی ہے، ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے معمولی طبی مسائل کیلئے بھی مریضوں کو پشاور ریفر کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مزید دھوکہ نہیں کھا سکتے، صرف نعرے اور اعلانات نہیں، مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بجٹ تیاری، تنخواہوں میں‌اضافہ سمیت پنشن سسٹم میں تبدیلیاں متوقع