عام انتخابات کرپٹ نظام کے خلاف جہاد ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پی کے 60 کے زیر اہتمام تخت بھائی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پاور شو کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوام میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق تخت بھائی پبلک پارک نہر کنارہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سابق امیر سنیٹر مشتاق احمد خان، ضلع مردان کے امیر علام رسول، پی کے 60 سے نامزد امیدوار نعمان یوسف، سابق ایم پی اے میاں نادر شاہ ، پی کے 60 کے امیر مشتاق احمد ایڈوکیٹ ، نائب امیر نعیم انور ، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع مردان کے سابق جنرل سیکرٹری ارشد اقبال نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کرپٹ اور فرسودا نظام کے خلاف جہاد ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد خان و دیگر کا کہنا تھا کہ عوام اس دن 77 سالہ کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے اور اس کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی صالح اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرنے میں اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کو سپریم کورٹ نے بھی صالح اوردیانتدار لیڈر کا خطاب دے دیا ہے۔ اس لئے عوام خوب سوچ سمجھ کر انتخابی نشان ترازو پر مہر لگا کر کرپٹ، فرسودا اور موروثی نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف ریلی، شرکاء کی شدید نعرے بازی