حکومت سازی

حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ‘ رابطوں کا آغاز کردیاگیا

ویب ڈیسک :ملک بھر میں انتخابات کے انعقاد حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ اور رابطوں کا آغاز کردیا گیا ۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں سے رابطوں کے لئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے وفاق میں ”پی ڈی ایم ٹو“ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا اور پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے سابقہ اتحادی جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
شہباز شریف نے گزشتہ شب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے تفصیلی ملاقات کی بھی کی تھی، جس میں وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب میں بھی مشترکہ حکومت بنانے کے معاملات زیر بحث آئے۔
دوسری جانب آزاد امیدواروں سے رابطے کے لیے ن لیگ کی جانب سے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کی کمیٹی آزاد اراکین سے رابطے کرے گی، جنہیں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت اور ترغیب دی جائے گی۔
لیگی پارٹی ذرائع کا دعویٰ ےہ کہ ن لیگ پنجاب اور مرکز میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے‘آج دوبارہ ان شخصیات سے رابطے کریں گے۔
مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے آزاد اراکین کو وزارتوں، مختلف محکموں کی سربراہی سمیت دیگر ترغیبات دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  سینٹرل ایشین والی بال لیگ، غیر ملکی ٹیموں کی آمد شروع