پی ٹی آئی حکومت

پی ٹی آئی کا وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے وفاق، پنجاب اور خیر پختونخوا میں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جمہوری تاریخ کا اہم دن ہے، الیکشن کے تمام نتائج کا فوری اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر 8 فروری کی تاریخ الیکشن کے لیے طے ہوئی، الیکشن پرامن ہوئے، لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا ہے، بانی پاکستان تحریک انصاف نے یہی پیغام دیا ہے کہ ہمیں غلامی ناقابل قبول ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ 2 سال سے مشکلات کا سامنا ہے، پوری کوشش کی گئی کہ پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی انتخابی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں پہلے بھی ناکام تھا، الیکشن کمیشن نے ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی یقین دہانی کرائی تھی، الیکشن کمیشن انتخابی نتائج کو بر وقت تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جیتی ہوئی نشستوں کو ہار میں تبدیل کیا گیا، ہمیں خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں 170 سیٹیں حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم پنجاب میں بھی اکثریت میں جارہے ہیں، میں قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، عوام نے غلامی کو نامنظور کیا ہے۔
نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس کے پاس 50 سیٹوں کی اکثریت ہے وہ بھی وزیراعظم کی طرح تقریر کر رہے تھے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہماری اکثریت کو تسلیم کیا جائے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور اپنی مرضی کی حکومت نہ بنوائی جائے، عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے رات 12 سے پہلے تمام نتائج کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو مسلط کیا گیا تو جمہوریت اور معیشت برداشت نہیں کرسکے گی، جان بوجھ کر نتائج کو روک کر اکثریت کو اقلیت میں بدلا جا رہا ہے۔
انہوں نے تنبیہ دی کہ اگر آج باقی نتائج جاری نہ ہوئے تو کل ان حلقوں کے ریٹرننگ افسر (آر او) کے دفاتر کے سامنے احتجاج کریں گے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن کو انتخابات سے قبل درخواست دی تھی، فیصلہ کریں گے کہ آزاد امیدواروں کو کسی پارٹی میں شامل کرنا ہے یا نہیں۔

مزید پڑھیں:  پنجاب میں کسانوں کی تباہی پر حکومت سیاست کررہی ہے، بیرسٹر سیف