بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے مشہور اداکار چل بسے

ممبئی: بھارت کی ٹی وی انڈسٹری کے مشہور اداکار ریتوراج سنگھ ممبئی میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 59 سالہ اداکار ریتو راج سنگھ کو صحت کے مسائل کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اداکار کو حالت بہتر ہونے پر کچھ روز قبل گھر منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر انہیں دوبارہ اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔
اداکار ریتو راج سنگھ گزشتہ 3 دہائیوں سے اداکاری کے شعبے سے وابستہ تھے۔انہوں نے زیادہ کام ٹی وی انڈسٹری میں کیا اور متعدد ہٹ ٹی وی سیریلیز کا حصہ رہے۔ ریتو راج کے مشہورٹی وی شوز میں کہانی گھر گھر کی، یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے، انوپما، دیا اور باتی اور دیگر شامل ہیں۔
ریتو راج سنگھ نے فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری بالی ووڈ فلم یاریاں 2 تھی جبکہ فلم ” بدری ناتھ کی دلہنیا ” میں ریتو راج سنگھ نے اداکار وررون دھون کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔