حقیقی آزادی مارچ، ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: حقیقی آزادی مارچ پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق دوران سماعت سابق وفاقی وزیر شیخ رشید سمیت دیگر شریک ملزمان اور پی ٹی آئی وکلاء سردار مصروف ایڈووکیٹ، آمنہ علی، رضوان اختر اعوان اور مرزا عاصم ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
سردار مصروف ایڈووکیٹ نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سال فروری میں درخواست بریت دائر کی تھی۔ آج دلائل دینا چاہتے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملک عمران نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کے چالان عدالت میں آگئے ہیں۔
سردار مصروف ایڈووکیٹ نے اس پر عدالت کو آگاہ کیا کہ یہ ایف آئی آر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت درج کی گئی ہے، اس مقدمے میں شواہد موجود نہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج وغیرہ کچھ بھی موجود نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید پڑھیں:  مالاکنڈ، میٹرک امتحانات میں پرچہ آوٹ ہونا معمول بن گیا، اردو پیپر بھی لیک