بجلی کے سمارٹ میٹرز کی تنصیب

بجلی کی چوری روکنے کے لئے ملک بھرمیں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر ان علاقوں میں ان میٹرز کی تنصیب کی جائے گی جہاں بجلی چوری زیادہ ہوتی ہے ، اور عوا م کی جانب سے کسی بھی مزاحمت سے بچنے کے لئے مسلح افواج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور مرحلہ وار بنیادوں پر سمارٹ میٹرز نصب کئے جائیں گے ، جہاں تک بجلی چوری کاتعلق ہے اس کی وجوہات پرغور کئے بناء اس کاحل نکالنا اگرناممکن نہیں تو بہت مشکل ضرور ہے ایک تو عوام کے اندر حکومتی پالیسیوں پر ایک عرصے سے ردعمل سامنے آرہا ہے کہ ایک جانب یعنی مراعات یافتہ طبقات کو دوران ملازمت اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سینکڑوں سے ہزاروں یونٹ مفت بجلی دینے کے علاوہ واپڈا کے لاکھوں ملازمین کودرجات کے مطابق مفت بجلی کی فراہمی جیسے اب سوشل میڈیا پرشدید تنقید کی سان پر رکھا جارہا ہے دوسرے یہ کہ سلیب بنا کر مختلف سلیب کے درمیان صرف ایک یونٹ کے اضافے سے بل میں ہزاروں روپے بڑھ جاتے ہیں جو ناانصافی کی بدترین مثال ہے تیسرا یہ کہ تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کی ملی بھگت سے مبینہ طور پر چند ٹکوں کے عوض بڑے صارفین کو تو بجلی کی چوری کی اجازت کے کئی طریقے استعمال کئے جاتے ہیں مگر یہ سب بوجھ غریب عوام کو اضافی یونٹوں کی صورت میں منتقل کردیا جاتا ہے ، اس حوالے سے گزشتہ کئی سالوں کے دوران کئی بار میٹرز تبدیل کئے گئے جن میں مبینہ تیز رفتار میٹرز سے عوام کا کچومر نکال دیاگیا ، جو حکمرانوں کی مبینہ بدنیتی کی نشاندہی کرتی ہے جب تک کم از کم اس سلیب سسٹم کوچونہ صرف بجلی بلکہ گیس میٹروں پربھی لاگوکیا گیا ہے ختم نہیں کیا جائے گا کوئی بھی میٹر نصب کیا جائے ، مبینہ ملی بھگت سے ان کا توڑ نکال لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ کی ''معراج''