سویڈن واقعہ احتجاج

سویڈن واقعہ کیخلاف خیبرپختونخوا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری

(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی، مہمند اور چارسدہ میں سویڈن میں پیش آنے والے واقعہ کیخلاف بدستور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہر سو حکومت سے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے اور گستاخ کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے،
جے یو آئی ف کےزیراہتمام سویڈن میں قرآن کی بےحرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی صوابی گراؤنڈ سے کرنل شیرچوک تک نکالی گئی۔ مظاہرین نے مردان،جہانگیرہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کےلئے بند کردیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی نے کہا کہ وزارت خارجہ اقوام متحدہ میں سویڈن کےخلاف مذمتی قرارداد جمع کرائے، انہوں نے مزید کہا کہ سویت یونین ٹوٹنے کےبعد مغرب کا ہدف اسلام ہے۔
مہمند میں بھی جے یو آئی کی قیادت میں تجدید عہد و سویڈن حکومت کے خلاف ریلی نکالی گئی ۔ غلنئی سے 45 کلومیٹر مامد گٹ تک ہونے والی ریلی میں سینکڑوں گاڑیوں و موٹرسائیکل سواروں نے حصہ لیا۔ جلسے میں سویڈن کا جھنڈا نذر آتش کردیا گیا۔
چارسدہ میں بھی متحدہ شاپ کیپرز نے فاروق اعظم چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں تاجروں سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین کی جانب سے سویڈن حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے حکومت سے سفارتی تعلقات حتم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ایسے میں مقررین نے کہا کہ قرآن پاک کا تقدس ہمارا ایمان ہے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
مظاہرین نے کہا کہ عالم اسلام مشترکہ طور پر اقوام متحدہ میں سویڈن کے خلاف مزمتی قرارداد جمع کرائے۔
قران پاک کی بے حرمتی پر میسحی برادری نے چرچ سے پریم سویل کی قیادت میں چارسدہ کے فاروق اعظم چوک تک ریلی نکالی۔ اس دوران انہوں نے شدید نعرہ بازی بھی کی۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے تمام مذاہب کے ماننے والوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ملعون گستاخ کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سز دی جائے۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور ان کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری حتم کئے جائِیں۔ کسی بھی مذہب اور مقدس کتابوں کی توھین ناقابل برداشت ہے۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ، زبانی تکرار پر شوہر کی فائرنگ سے بیوی جاں بحق، بیٹا زخمی