ایشز سیریز ڈرا

ایشز سیریز ڈرا، معین اور براڈ کا ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی گئی تاریخی ایشز سیریز 2-2 سے برابری کی بنیاد پر ختم، سیریز کے ابتدائی دو میچز آسٹریلیا جبکہ دو انگلینڈ نے جیتے اور ایک میچ برابر رہا۔ سیریز کے آخری اور پانچویں میچ میں انگلینڈ نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو 49 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی، اس کامیابی کے موقع پر انگلش پیسر سٹورٹ براڈ اور آل رائونڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ کھیل کے پانچویں دن 384 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 135 رنز بغیر کسی نقصان کے آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مہمان ٹیم کو فتح کے لیے مزید 249 رنز درکار تھے تاہم آسٹریلیا کے دن کا آغاز بھی اچھا ثابت نہ ہوا اور مجموعی سکور میں محض پانچ رنز کے اضافے کے بعد کرس ووکس کا جادو چل گیا اور وکٹ اڑا لی، اس کے بعد ووکس نے اگلے ہی اوور میں ایک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے 72 رنز بنانے والے عثمان خواجہ کو بھی چلتا کردیا۔ اس موقع پر ابھی سکور 169 تک پہنچا ہی تھا کہ مارک ووڈ نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے تجربہ کار مارنس لبوشین کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔ اس مرحلے پر سمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے اگلے 24 اوورز میں 95 رنز جوڑ کر انگلینڈ کیلئَے خطرے کی گھنٹے بجا دی۔ اس موقع پر معین علی نے 43 رنز بنانے والے ہیڈ کو روٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرا دیا لیکن آسٹریلیا کی میچ جیتنے کی امیدوں کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اگلے اوور میں کرس ووکس نےسمتھ کی وکٹ لے لی جنہوں نے 54 رنز بنا رکھے تھے۔ آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 334 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4، معین علی نے 3 جبکہ سٹورٹ براڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے میچ میں 49 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز بھی 2-2 سے برابر کردی۔
اس سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر سٹورٹ براڈ اور معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ براڈ نے اپنے کیریئر میں 604 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے انگلش ٹیم کا اعلان، جوز بٹلر کپتان مقرر