بیلٹ پیپرز کی چھپائی

انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور 85 فیصد ترسیل مکمل

ویب ڈیسک :الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی طباعت اور قومی و صوبائی اسمبلی کے 849 حلقوں میں سے 85 فیصد کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی ہے
میڈیا کو غیر رسمی بریفنگ میں ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر شیروانی نے بتایا کہ تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی ‘ بیلٹ پیپر اور پرنٹنگ حساس معاملہ ہے، ہم نے ووٹر کا حق ان کے قریب پہنچانا ہے۔
14 جنوری سے لے کر 2 فروری تک بیلیٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی‘سپریم کورٹ کے حکم پر 16 حلقوں کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے۔
ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے بتایا کہ اس مرتبہ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں‘ قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید پیپر چھاپا گیا ہے۔ بیلیٹ پیپرز کی طباعت تین پرنٹنگ پریسز میں کی گئی‘ پرنٹنگ پریسز میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیلیٹ پیپرز کے ساتھ اس مرتبہ فارم 45 بھی پرنٹ کر کے بھیجا جا رہا ہے‘ 2018 کی نسبت 2024 میں امیدواروں کی تعداد 54.74 فیصد زیادہ ہے‘ خصوصی کاغذ کی ضرورت 194.75 فیصد زائد ہے‘پرنٹنگ کے دوران 10 فیصد کاغذ ضائع ہو جاتا ہے۔ بیلیٹ پیپرز کا سائز کم کر کے خصوصی کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن سے کم کر کے 2170 ٹن تک لائی گئی۔
مسعود اختر شیروانی نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 49 مقدمات آئے تھے جن میں سے 16 پر فیصلوں کی روشنی میں بیلیٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے۔

مزید پڑھیں:  ایک ماہ کے دوران 92کروڑ 69 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ کا انکشاف