وقت پر شروع

ملک کے کئی حلقوں میں پولنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی

ویب ڈیسک: عام انتخابات 2024 کے لئے پولنگ جاری ہے جبکہ ملک کے کئی شہروں کے پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی بندش کے باعث متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی۔
حیدرآباد میں این اے 220 کے پولنگ اسٹاف کو اب تک انتخابی سامان نہیں دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر طارق قریشی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر (آراو) کے پاس سسٹم کے پاسورڈ اور آئی ڈی ہوتی ہے،
آر او کے لاگ ان کرنے کے بعد ہی سامان کی ترسیل شروع کی جا سکتی ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد میں بھی قومی اسمبلی کے این اے 48 شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے آغاز میں تاخیر ہوگئی،
عملہ پولنگ کے انتظامات میں مصروف رہا جس کے باعث پولنگ کا آغاز 15منٹ تاخیر سے ہوا،
خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہے،
پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلز ڈگری کالج ڈگر میں پولنگ ایجنٹ اور ووٹر نہیں پہنچ سکے۔
دوسری جانب میانوالی کے حلقہ این اے 90 میں بھی بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ وقت پر شروع نہیں ہوئی۔
یہاں پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے تاخیر سے الیکشن کا سامان ترتیب دیا گیا
جبکہ موسم سرد ہونے کے باعث صبح کے وقت ووٹرز کی تعداد بھی کم رہی۔
سوات کے بالائی علاقوں کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار رہا۔
گبرال اور مٹلتان کے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے سے شروع ہوگیا،جو بلا رکاوٹ شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  بچیوں کی تعلیم نہایت ضروری ہے، والدین خصوصی توجہ دیں، گوھر علی خان