اسرائیل پر وحشت طاری، یواین اہلکاروں سمیت مزید 300 فلسطینی شہید

اسرائیل غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر تل گیا، مزید 300 شہداء سمیت مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے متجاوز، 21 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی۔
ویب ڈیسک:غزہ پراسرائیلی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 53 اہلکاروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کو جا پہنچی۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 15 اہلکار صرف ایک ہی روز میں مارے جا چکے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہیں۔
غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے باعث ہر طرف دھواں اور ہر سو دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے لگی ہیں۔ محصور شمالی علاقے بیت لاحیہ، بیت حنون، غزہ شہر کے شمال مغربی اور وسطی علاقے سب سے زیادہ نشانہ بنے۔
غزہ شہر کے جنوب میں واقع الشاتی کیمپ میں ایک رہائشی ٹاور کو زمین بوس کیا گیا جس میں 100 سے زائد افراد شہید ہوئے، اسی علاقے میں دوگھروں پر بھی حملے کیے گئے جن میں 16 افراد شہید اور 60 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے کہ جنگ کے بعد غزہ کی نوعیت ہی بدل چکی ہوگی، فلسطینیوں کو پھر کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کا پورا شمالی علاقہ خالی کر کے جنوب کی جانب منتقل ہو جائیں۔
غزہ میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ لائنز مکمل طور پر بند کردی گئی ہیں جس کے سبب لوگوں کا آپس میں رابطہ بھی ختم ہوچکا ہے، ایسے میں خدشہ ہے کہ آج شب کی گئی فلسطینیوں کی نسل کشی دنیا کے سامنے ظاہر بھی نہیں ہو سکے گی۔

مزید پڑھیں:  طلباء کو افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت دیئے جانے کا انکشاف